سرینگر (نیوز ڈیسک):فن لینڈ کی سبکدوش ہونے والی وزیر اعظم ثنا مارین، جو اب 37 سال کی ہیں، نے اپنے شوہر مارکس رائکونن (جس کے ساتھ انہوں نے تین سال قبل عقد کیا تھا) کے ساتھ اتفاق رائے سے طلاق کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ چار سال قبل جب انہوں نے قطبی ملک میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تو اُس وقت وہ دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم تھیں۔ ازدواجی زندگی سے علیٰحدگی کا فیصلہ لینے کے بارے میں انہوں نے سماجی رابطہ گاہ انسٹاگرام پر لکھا کہ ’’ہم 19 سال تک ایک دوسرے کے ساتھ رہنے اور پیاری بیٹی کے شکر گزار ہیں۔ ہم (طلاق کے بعد) بہترین دوست رہیں گے۔‘‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق، مارین اور رائکونن کی ایک پانچ سالہ بیٹی ہے۔ انہوں نے 2020 میں اُس وقت شادی کی جب مارین اپنے دفتر میں CoVID-19 وبائی مرض کے اثرات سے نمٹ رہی تھی۔ رپورٹ میں مارین نے اگست 2020 میں رائکونن کے ساتھ اپنی شادی کے بعد انسٹاگرام پر لکھا تھا کہ ’’ہم نے اپنی جوانی ایک ساتھ گزاری ہے، جوانی میں ایک ساتھ داخل ہوئے ہیں اور ایک ساتھ لخت جگر بیٹی کے لیے والدین بھی بن گئے ہیں۔‘‘