دراصل اتراکھنڈ کے پہاڑی اضلاع کے جنگلات میں درختوں کی بے تحاشہ کٹائی ہو رہی تھی، جس سے عاجز آکر چمولی ضلع کے رینی گاؤں میں خواتین آگے آئیں۔ سنہ 1973 میں گورا دیوی کی قیادت میں گاؤں کے لوگوں نے پیڑوں کی کٹائی کی مخالفت میں اپنی جان کی بازی لگا دی۔ اور انہوں نے پیڑوں کو گھیر لیا تھا۔ خواتین پوری رات پیڑوں سے چپکی رہیں۔ اگلے دن یہ خبر آگ کی طرح پھیل گئی اور آس پاس کے گاؤں میں بھی درختوں کو بچانے کے لیے لوگ پیڑ سے چپکنے لگے، یہ تحریک تاریخی بن گئی۔ جس کے بعد مرکزی حکومت نے جنگلات کے تحفظ کا قانون بنایا تھا۔
اس تحریک میں خواتین، بچوں اور مردوں نے درختوں سے لپٹ کر غیر قانونی کٹائی کی شدید مخالفت کی تھی۔
سنہ 1973 میں شروع ہونے والی اس تحریک کی بازگشت حکومت تک پہنچی تھی۔ اس تحریک کا اثر اس وقت کی مرکز کی سیاست میں ماحولیات کا ایجنڈا بنا۔ اس تحریک کے پیش نظر مرکزی حکومت نے جنگلات کے تحفظ کا قانون نافذ کیا۔ اس ایکٹ کا بنیادی مقصد جنگلات کی حفاظت اور ماحولیات کو بہتر بنانا تھا۔