بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو طالبان کے متعلق بیان پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ اپنے آپ کو سیکولر کہنے والا لیڈر افغانستان میں اسلامی حکومت کے قیام کی بات کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں مسلمان اقلیت میں ہوتے ہیں وہاں ڈاکٹر فاروق سیکولرزم کی بات کرتے ہیں اور جہاں اکثریت میں ہوتے ہیں تو وہاں اسلامی حکومت قائم کرنے کی بات کرتے ہیں- انہوں نے کہا ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے قول اور فعل میں تصاد ہے۔
موصوف سابق نائب وزیر اعلیٰ نے فاروق عبداللہ کے اس بیان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے بدھ کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا: 'میں ڈاکٹر فاروق سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ طالبانی سرکار کے کس ماڈل کی بات کرتے ہیں۔ اسی ماڈل کی جس نے بیس سال پہلے وہاں سے ہندوؤں اور سکھوں کو مار بھگایا اور خواتین کو ہراساں کیا'۔