پریاگ راج: بی ایس پی رکن اسمبلی راجو پال قتل کیس کے اہم گواہ امیش پال کو سنگم شہر پریاگ راج کے دھومان گنج تھانہ علاقے کے سلیم سرائے علاقے میں جمعہ کو دن دیہاڑے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ حملہ آوروں نے امیش پال کو گولیوں سے چھلنی کر دیا۔ اس کے ساتھ حملہ آوروں نے دو پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی۔ سوروپ رانی نہرو اسپتال میں علاج کے دوران امیش پال کی موت ہوگئی۔ دونوں پولیس اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کمشنر نے اس واقعہ میں امیش پال کی موت کی تصدیق کی ہے ساتھ ہی انہوں نے دو کانسٹیبلز کے زخمی ہونے کے بارے میں بتایا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے بتایا کہ دونوں زخمی کانسٹیبلز کی حالت تشویشناک ہے، جن کا علاج جاری ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کمشنر رمیت شرما اور دیگر پولیس افسران کئی تھانوں کی فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ امیش پال کو کس نے اور کیوں گولی ماری، یہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق امیش پال کے گھر میں گھس کر بے خوف بدمعاشوں نے ان پر گولیاں برسائیں۔ امیش پال پر حملہ کرنے کے بعد بدمعاش ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ فی الحال موقع پر پہنچی پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ تاہم ابھی تک پولیس کی جانب سے اس بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ واقعہ کس نے اور کیوں انجام دیا۔ گھر والے بھی کچھ نہیں کہہ رہے۔