سیاسی تجزیہ نگاروں نے بلاسپور اسمبلی سیٹ سے آر ایل ڈی کے امیدوار کے میدان میں اترنے کے امکانات ظاہر کئے ہیں۔ سماجوادی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کے اتحاد کے بعد بلاسپور میں گذشتہ روز ہوئی آر ایل ڈی کی ریلی کے کئی معنیٰ نکالے جا رہے ہیں۔ اس بات کی بھی قیاس آرائیاں تیز ہو گئیں ہیں کہ ضلع رامپور کے بلاسپور اسمبلی سیٹ پر آر ایل ڈی اپنا امیدوار اتار سکتی ہے۔
دراصل اترپردیش میں ضلع رامپور کی بلاسپور اسمبلی سیٹ کافی اہم مانی جاتی ہے۔ فی الحال یوگی حکومت میں آبی وسائل اور اقلیتی بہبود کے وزیر بلدیو سنگھ اولکھ اسی بلاسپور سیٹ سے ہی آتے ہیں۔ ضلع میں سب سے زیادہ کسان بھی یہیں ہیں۔ زراعت سے متعلق قوانین کے خلاف جاری کسانوں کی تحریک کے دوران بلاسپور کے بھی دو کسان جاں بحق ہوئے تھے جس کے بعد سے یہاں کے کسان بی جے پی حکومت کے ساتھ ہی بلدیو سنگھ اولکھ سے بھی کافی ناراض ہیں اور اب وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔
ادھر ضلع کی کانگریس کمیٹی میں بھی سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گذشتہ چار پشتوں سے کانگریس سے وابستہ اور پارٹی کے اہم رہنماء بلجیت سنگھ بٹو نے کانگریس کو خیرآباد کہہ کر راشٹریہ لوک دل کا دامن تھام لیا ہے۔ سماجوادی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کے درمیان ہوئے اتحاد اور بلاسپور میں ہوئی آر ایل ڈی کی بڑی ریلی کے بعد امید جتائی جا رہی ہے کہ بلجیت سنگھ بٹو آر ایل ڈی کی جانب سے اسمبلی امیدوار بھی بن سکتے ہیں۔