مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر(twitter)، جو ملک کے آئی ٹی کے نئے قوانین کے خلاف کھڑا ہے، ایک بار پھر سے سرخیوں میں ہے۔ گزشتہ روز ٹویٹر نے نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے 'بلیو ٹِک ویریفیکیشن' کو ہٹا دیا تھا۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا اور ٹویٹر پر سوالات اٹھنے لگے۔ تاہم ہنگامہ بڑھنے کے بعد نائب صدر کے ٹویٹر اکاؤنٹ کا 'بلیو ٹک' واپس آگیا۔ اس کے بعد ٹویٹر نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت سمیت کئی دیگر رہنماؤں کے اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کو ہٹادیا۔
یہاں سوال یہ ہے کہ آخر یہ بلیو ٹِک کیا ہے؟ آپ کو یہ کیسے ملے گا؟ اور اسے نائب صدر کے ٹویٹر ہینڈل سے کیوں ہٹا دیا گیا؟ اور اسی بلیو ٹک کی وجہ سے کافی ہنگامی ہوا ہے۔ تو آئیے جانتے ہیں کہ یہ بلیو ٹک کیا ہے۔
- کیا ہے یہ بلیو ٹِک؟
موجودہ دور سوشل میڈیا کا ہے۔ ٹویٹر سے لے کر فیس بُک تک آپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہوں گے۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ کسی بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نام کے ساتھ نیلے رنگ کا نشان ہوتا ہے۔ اس نشان کو بلیو ٹِک یا ویریفیکیشن بیج(blue verified badge or blue tick) کہا جاتا ہے۔ یہ بلیو ٹِک اس سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے آفیشل ہونے کی تصدیق کرتا ہے۔ کسی ٹویٹر ہینڈل پر نیلے رنگ کا بیج یا بلیو ٹک بھی اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ ٹویٹر ہینڈل مستند ہے۔
- کیسے ملتا ہے بلیو ٹِک؟
اس نیلے رنگ کے ٹِک(بلیو ٹِک) کے لیے آپ کا ٹویٹر اکاؤنٹ مستند یا قابل اعتماد (authentic)، قابل ذکر(notable) اور فعال ہونا چاہیے۔ اس بلیو ٹِک کوحاصل کرنے کے لیے آپ کو درخواست دینا ہوگی۔ اس کے لیے درج ذیل ترکیب ہے۔
پہلے آپ اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کی سیٹنگ اینڈ پروائیوسی(settings and privacy) پر جائیں۔ اس کے بعد اکاؤنٹ پر جاکر اکاؤنٹ انفارمیشن پر جائیں پھر ویریفیکیشن رِکویسٹ(verification request) پر کلک کریں۔
اس کے بعد آپ کو منتخب کرنا ہوگا کہ آپ بلیو ٹِک دیئے جانے والے کون سے زمرے میں آتے ہیں۔ بعد ازاں حکومت کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ کے ساتھ ایک سرکاری ویب سائٹ یا ای میل ایڈریس دینا ہوگا جو آپ کے ٹویٹر اکاؤنٹ کی تصدیق کرتا ہو۔
- کیا ہیں بلیو ٹک حاصل کرنے کے معیار؟
ٹویٹر نے حکومت، نیوز آرگنائزیشن، صحافی، اسپورٹس یا گیمنگ ایکٹیوسٹ، کمپنی، برانڈ، آرگنائزیشن، سوشل ورکر، آرگنائزر اور دیگر زمرے تشکیل دیئے ہیں۔ بلیو ٹِک حاصل کرنے کے لیےآپ کو ان زمروں میں فٹ ہونا لازمی ہے۔ اس کے لیے آپ کا ٹویٹر اکاؤنٹ قابل اعتماد یا یوں کہیں کہ اصلی اور فعال ہونا چاہیے۔