مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس کو زبردست کامیابی حاصل ہونے کے ایک دن بعد ہی ریاست میں بی جے پی اور اے بی وی پی (بی جے پی یوتھ ونگ) کے دفاتر اور اس کے کارکنوں کے گھروں میں توڑ پھوڑ کیے جانے پر بی جے پی رہنماؤں و اداکارہ کنگنا رناؤت نے متنازعہ ٹویٹ کیا ہے۔
کنگنا رناؤت نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر کئی ٹویٹ کئے جن میں ایک ٹویٹ میں انہوں نے وزیر اعظم کو سنہ 2000 سے پہلے والی شکل اختیار کرنے کو کہا۔
انہوں نے ٹویٹ میں لکھا: 'یہ خوفناک ہے۔ ہمیں غنڈوں کو مارنے کے لئے غنڈہ گردی کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ (ممتا بنرجی) غندہ گردی پر اتر آئی ہیں۔ مودی جی ان قوتوں کو پست کرنے کے لئے براہ کرم 2000 سے قبل کا وراٹ روپ دکھائیں۔' انہوں نے مغربی بنگال میں صدر راج نافذ کرنے کی مانگ کی۔
تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ سنہ 2000 سے قبل والی شکل سے کنگنا کی کیا مراد ہے۔ اس کے بعد کئی لوگوں نے ان کے اکاؤنٹ کی شکایت کی جس کے بعد ٹویٹر نے ان کا اکاؤنت معطل کر دیا۔
بی جے پی کے رہنما پرویش صاحب سنگھ نے بھی ٹویٹ کر کے لکھا: 'انتخابات جیتتے ہی ٹی ایم سی کے غنڈوں نے ہمارے کارکنوں کو ہلاک کردیا، بی جے پی کارکنوں کی گاڑیاں توڑ دیں، گھر کو آگ لگا رہے ہیں۔ یاد رکھیے، ٹی ایم سی کے ممبران پارلیمنٹ، وزرائے اعلیٰ، ممبران اسمبلی کو بھی دہلی آنا ہے، اسے ایک انتباہ سمجھیں۔ الیکشن میں شکست ایک فتح چلتی ہے، قتل نہیں۔'
بی جے پی کے حمایتی سواپن داس گپتا نے بھی ٹویٹ میں لکھا: نانور (ضلع بھرم ضلع) میں سنگین صورتحال ہے۔ بی جے پی کے حامی ہزاروں ہندو کنبے جان بچانے کے لئے کھیتوں میں نکل آئے ہیں۔ خواتین سے بدتمیزی اور بدسلوکی کی خبریں بھی آ رہی ہیں۔ امت شاہ براہ کرم علاقے میں کچھ سیکیورٹی کے انتظام کریں۔'
واضح رہے مغربی بنگال میں ٹی ایم سی کی جیت کے ساتھ ہی تشدد پھوٹ پڑا ہے۔