مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے بنگلہ دیشی شہریوں اور روہنگیا کے مسلمانوں کو لے کر زبردست بیان بازی کی جا رہی ہے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش، رکن پارلیمان لاکٹ چٹرجی سمیت دیگر رہنماؤں نے بنگال میں رہنے والے بنگلہ دیشی شہریوں اور روہنگیا کے مسلمانوں کو لے کر ممتا بنرجی کی حکومت کو گھیرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ممتا حکومت میں وزیر فرہاد حکیم نے کہا کہ 'شہریت ترمیمی ایکٹ ایک قانون ہے، اسے لے کر سیاست و بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔'
فرہاد حکیم نے کہا کہ مجبور، بے سہارا اور غریب بنگلہ دیشی شہریوں کے ساتھ 'شہریت ترمیمی قانون' اور 'این آر سی' کے نام پر کھلواڑ بند کیا جائے، اس طرح کی سیاست سے بی جے پی کو فائدہ ہو سکتا ہے لیکن ان لوگوں کا کیا جو خوف و دہشت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔