علی گڑھ: ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوی کے انٹریپرینیورشپ ڈیولپمنٹ سیل (Entrepreneurship Development Cell) نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی آئی ای ای ای اسٹوڈنٹس برانچ اور آئی ای ٹی (یو کے) کے دہلی لوکل نیٹ ورک کے ساتھ مل کر "اسٹارٹ اپس کے سلسلہ میں انڈین ریلوے کی اختراعی پالیسی" موضوع پر ایک ویبینار کا انعقاد کیا۔ اس موضوع پر ویبینار کے تحت اسٹارٹ اپس کے ذریعے کاروباریوں، ٹکنالوی ڈیولپرس اور اختراع کاروں کے ساتھ اشتراک کرکے کم لاگت والے صارفین دوست مصنوعات کی تیاری اور انڈین ریلوے نیٹ ورک پر مسائل کا حل پیش کرنا مقصود تھا۔
مہمان خصوصی آر ایس گروور، سابق ایڈیشنل رکن (الیکٹریکل) ریلوے بورڈ، وائس چیئرمین ڈی ایل این، آ ئی ای ٹی (یو کے) نے اسٹارٹ اپ انڈیا، اٹل انوویشن مشن، میک ان انڈیا اور آتم نر بھر بھارت ابھیان جیسے حکومت ہند کے مختلف اقدامات کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف شعبوں کی ضروریات کی خاطر جدید ٹکنالوجی اور مصنوعات میں درپیش مسائل کے حل اور خدمات کی ترقی کے لیے بھارتی اختراع کاروں اور صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کے سلسلہ میں حکومت کو مثبت فریم ورک فروغ دینا چاہیے۔