نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما چھگن بھجبل نے کہا کہ اگر سنجے راوت کا بیان درست ہے تو انہیں سب سے پہلے ہماری پارٹی کے سربراہ شرد پوار سے بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی کو اپنا راستہ اختیار کرنے کا حق ہے، کسی کو بھی کوئی روک نہیں سکتا۔ وہیں این سی پی رہنما جینت پاٹل نے کہا کہ وہ ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ آخر تک مہا وکاس اگھاڑی حکومت کو بچانے کی کوشش کریں گے۔ پاٹل نے کہا کہ سنجے راوت نے ایسا کیوں کہا، مجھے معلوم نہیں ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے پر شیوسینا نے ہمیں کچھ نہیں کہا ہے۔
مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ہم شیوسینا کے ساتھ بی جے پی کو روکنے کے لیے آئے تھے، لیکن اب جو گیم ہورہا ہے وہ ای ڈی کی وجہ سے ہورہا ہے، پٹولے نے کہا کہ ہماری حکومت اکثریت ثابت کرنے کے لیے تیار ہے، ہم اگھاڑی کے ساتھ ہیں اور اس میں بنے رہیں گے، پھر بھی شیوسینا اگر کسی بھی دوسری پارٹی سے اتحاد کرنا چاہتی ہے تو ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔