وزیر اعظم مودی نے آل انڈیا ریڈیو پر نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام 'من کی بات' میں کہا کہ آج کی سب سے بڑی ترجیح کورونا کو شکست دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ، 'میں آپ سے ایک ایسے وقت میں بات کر رہا ہوں جب کورونا ہم سب کے صبر کی حدود ہم سبھی کے دکھ برداشت کرنے کا امتحان لے رہا ہے۔ بہت سے اپنے ہمیں ناگہانی چھوڑ کر چلے گئے۔ کورونا کی پہلی لہر کے وقت، ملک اعتماد اورحوصلہ سے بھرا ہوا تھا لیکن اس طوفان نے ہمیں ہلا کر رکھ دیا ہے۔'
وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ہمیں اس جنگ کو جیتنے کے لئے ماہرین اور سائنسی مشوروں کو ترجیح دینی ہوگی۔ مرکزی حکومت ریاستی حکومت کی کاوشوں کو آگے بڑھانے میں پوری طرح مصروف ہے۔ ریاستی حکومتیں بھی اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کی پوری کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر انھیں کوئی معلومات چاہیئے، اگر کوئی اور خدشہ ہے تو صحیح ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔
انہوں نے کہا، 'آپ کے پاس جو بھی فیملی ڈاکٹر ہیں، قریبی ڈاکٹر ہیں، آپ ان سے فون پر رابطہ کریں اور مشورے لیں۔'
میں دیکھ رہا ہوں کہ بہت سارے ڈاکٹرز بھی یہ ذمہ داری خود لے رہے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے معلومات دے رہے ہیں۔ یہ اقدام قابل ستائش ہے۔'
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کورونا کے اس بحران میں ویکسین کی اہمیت ہر ایک کو معلوم ہے، لہذا لوگوں کو ویکسین کے بارے میں کسی طرح کی افواہوں میں نہیں پڑنا چاہئے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے ریاستوں کو مفت ویکسین بھیجی گئی ہے ، جس سے 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگ فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔