پورنیہ: ریاست بہار کے پورنیہ رنگ بھومی میدان میں ہفتہ کو عظیم اتحاد کی طرف سے ایک عظیم ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو موجود تھے۔ لالو پرساد یادو دہلی سے ویڈیو کال کے ذریعے ریلی میں شامل ہوئے اور لوگوں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ گرینڈ الائنس کی تمام پارٹیوں کے لوگ پورنیہ میں ایک اسٹیج پر نظر آئے۔ یہ اتحاد اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ گرینڈ الائنس اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو بچانا ہے، بہار کو آگے لے جانا ہے، ملک کو ترقی کی راہ پر لیکر جانا ہے۔ اقلیتوں کی حفاظت کرنی ہے۔ ہم ہندو ہندو کرتے ہیں لیکن اقلیتی طبقے کا کیا جرم ہے کہ تم انکو ہندووں سے الگ کرنا چاہتے ہو جس کے ہم کسی بھی قیمت پر کامیاب ہیں ہونے دیں گے
آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد نے کہا کہ 2014 کے انتخابات میں ہی انہوں نے کہا تھا کہ اگلے انتخابات میں بھارت رہے گا یا ٹوٹے گا۔ آٹھ سال بعد ملک کی جو حالت ہوئی ہے وہ سب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت وہی کر رہی ہے جو آر ایس ایس چاہتی ہے۔ لالو یادو نے کہا کہ آج ملک ٹکڑے ٹکڑے ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ ملک میں آمرانہ حکومت کی وجہ سے غربت عروج پر پہنچ چکی ہے۔ جمہوریت کا قتل کیا جا رہا ہے۔