نئی دہلی:دہلی ایم سی ڈی انتخابات کے لیے آج بروز اتوار کو ووٹنگ ہورہی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 250 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں تقریباً ایک کروڑ 45 لاکھ ووٹرز 1349 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام پولنگ سٹیشنز کی ڈرون کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے حساس بوتھوں کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ ووٹنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔ اس بار کل 13,638 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 3356 بوتھ حساس ہیں۔ یعنی ہر چوتھا بوتھ حساس ہے۔Voting for Delhi MCD Elections today
دہلی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور اس کی تمام سرحدوں پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ 84,000 دہلی پولیس، پیرا ملٹری اور ہوم گارڈ کے اہلکاروں کو حفاظتی نظام میں تعینات کیا گیا ہے۔ پولس بوتھ پر کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ سینئر افسران تمام بوتھوں پر خصوصی نظر رکھیں گے۔ دہلی پولیس کے 55,000 اہلکار، سی آر پی ایف، ایس ایس بی، آئی ٹی بی پی اور بی ایس ایف کی 108 کمپنیاں یعنی تقریباً 8000 اہلکار اور 21,000 ہوم گارڈ تعینات کیے گئے ہیں۔ راجدھانی کے تمام وارڈوں میں 1.46 کروڑ سے زیادہ باشندے شہری انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔