بھلواڑہ: ریاست راجستھان کے ضلع بھلواڑہ میں ایک شادی شدہ خاتون کے کنوارہ پن کا ٹسٹ کرایا گیا، جس میں وہ فیل ہوگئی، بعد ازاں سوسائٹی کی کھاپ پنچایت نے شادی شدہ خاتون اور میکے والوں پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا، جسے ادا کرنے سے وہ لوگ قاصر ہیں۔ ایسے میں شادی شدہ خاتون کو سسرال والے مسلسل ذہنی طور پر ہراساں کر رہے ہیں جس کے بعد باگور پولیس نے خاتون کے شوہر، سسر کے علاوہ کھاپ پنچایت میں شامل پنچوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ Virginity test of bride in bhilwara case registered
قابل ذکر ہے کہ خاتون کو شادی سے پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کا مقدمہ شہر کے سبھاش نگر پولس تھانہ میں درج ہے۔ پانچ ماہ قبل متاثرہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ نے پولیس سپرنٹنڈنٹ آدرش سدھو سے اس غلط عمل (کنوارہ پن کا ٹسٹ) اور کھاپ پنچایت کی طرف سے لگائے گئے جرمانے کے حوالے سے انصاف کی اپیل کی تھی۔ جس کے بعد پولیس نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مذکورہ کھاپ پنچایت کو روک دیا۔ لیکن شادی کے پانچ ماہ گزرنے کے بعد بھی متاثرہ لڑکی کو جرمانے کے لیے مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ اب باگور پولیس نے کھاپ پنچایت میں شامل پنچوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جن میں شادی شدہ خاتون کے شوہر اور سسرال بھی شامل ہیں۔
شادی شدہ خاتون کے کنوارہ پن کا ٹسٹ سی او منڈل اور تفتیشی افسر سریندر کمار نے کہا کہ یہ باگور تھانہ علاقہ کا معاملہ ہے۔ یہاں منڈل علاقہ کے بھدو گاؤں میں کھاپ پنچایت منعقد ہوئی۔ تحقیقات کی بنیاد پر ہم نے کیس کو رجسٹریشن کے لیے باگور پولیس اسٹیشن بھیج دیا ہے۔ اس کے تحت پولس نے کھاپ پنچایت میں شامل پنچوں بشمول سسرالی فریق کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ جس میں تحقیق کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔ سی او منڈل اور تفتیشی افسر سریندر کمار نے بتایا کہ بھیلواڑہ کے سبھاش نگر تھانہ علاقہ کی رہنے والی ایک لڑکی کی شادی 11 مئی کو ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد سماج کے کوکڑی رسم کے تحت اس کا ورجنٹی ٹیسٹ کرایا گیا تھا، جس میں وہ فیل ہوگئی۔ پھر اس نے اپنے گھر والوں کو بتایا کہ شادی سے پہلے اس کے پڑوس میں رہنے والے ایک نوجوان نے اس کی عصمت دری کی تھی، جس کا معاملہ سبھاش نگر پولس تھانہ میں درج ہے۔ اس کے بعد سسرال والوں کی جانب سے سوسائٹی کی کھاپ پنچایت قائم کی گئی۔ پنچایت نے رسم کے نام پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ اس معاملے کی شکایت متاثرہ فریق نے پولیس میں بھی درج کرائی تھی۔ جس کی تفتیش پولیس نے شروع کردی۔ شادی شدہ خاتون کا الزام ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ سے جرمانے کی رقم کے لیے اسے ہراساں کیا جا رہا ہے۔