میلبورن: آئی سی سی ٹی۔20 ورلڈ کپ-2022 میں پاکستان کے خلاف ناقابل یقین 82 رن کی اننگز سے بھارت کو فتح دلانے والے وراٹ کوہلی نے میچ کے بعد کہا کہ ان کے پاس اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ کوہلی نے میچ کے بعد انٹرویو میں کہاکہ 'یہ ایک شاندار ماحول ہے۔ میرے پاس جذبات کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ پتہ نہیں کیسے ہوا؟ میں واقعی بے زبان ہوں۔' Virat After Match Winning Knock Against Pakistan
پاکستان کی طرف سے دیے گئے 160 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارت نے 31 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں، لیکن چیس ماسٹر کوہلی نے 53 گیندوں پر چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 82 رنز بنا کر بھارت کی فتح کو یقینی بنایا۔ کوہلی کا ساتھ دیتے ہوئے ہاردک نے بھی 40 رنز بنائے اور دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 113 رنز کی شراکت بھارت کی جیت میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
کوہلی نے کہاکہ ہاردک کو یقین تھا کہ اگر ہم آخر تک قائم رہیں تو ہم یہ کر سکتے ہیں۔ جب شاہین نے پویلین اینڈ سے بولنگ کی، تب ہی ہم نے ان کے خلاف ہاتھ کھولنے کا فیصلہ کیا۔ حارث ان کے اہم گیند باز ہیں اور میں نے ان کے بال پر دو چھکے بھی لگائے۔ اسٹار بلے باز نے اس اننگز کو اپنے ٹی۔ٹوئنٹی کیریئر کی بہترین اننگز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ موہالی (2016) میں آسٹریلیا کے خلاف اننگز سے بھی بہتر ہے۔