شمالی تریپورہ کے پانی ساگر کے چامتیلا علاقے میں قومی شاہراہ۔8 پر جوائنٹ مومنٹ کمیٹی (جے ایم سی) کے کارکنان اور سلامتی دستوں کے مابین ہوئی جھڑپ میں مزید ایک شہری کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر دو ہو گئی اور چھ پولیس اہلکاروں، آٹھ فائر برگیڈ اہلکاروں اور 18 شہریوں سمیت 32 دیگر زخمی ہو گئے۔
جھڑپ کے دوران متشدد مظاہرین نے خاکی وردی پہنے فائر بریگیڈ اہلکار وشوجیت دیو ورما کو پولیس اہلکار سمجھ کر اس کی بے رحمی سے پٹائی کر دی اور بعد میں مردہ سمجھ کر سڑک پر پھینک دیا۔ ہسپتال میں داخل کرانے کے بعد وشوجیت کو مردہ قرار دے دیا گیا۔
تریپورہ حکومت نے پورے واقعہ کی مجسٹریٹ سے تفتیش کروانے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی اور زخمیوں کا مفت علاج کروایا جائے گا۔ ضلع انتظامیہ نے پانی ساگر اور کنچن پور کے علاقوں میں آئندہ حکم تک حکم امتناع نافذ کر دیا ہے۔