مرادآباد: ریاست اتر پردیش کے مرادآباد میں ایک طالبہ کی پٹائی کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو مرادآباد یونیورسٹی کیمپس کا ہے۔ لڑکی کو تھپڑ مارتے ہوئے ایک لڑکے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لڑکا اور لڑکی بیٹھ کر باتیں کر رہے ہیں۔ اسی دوران اچانک لڑکے نے لڑکی پر تھپڑ رسید کر دیا۔ جس کی وجہ سے لڑکی بے ہوش ہو گئی۔
ویڈیو مراد آباد دہلی ہائی وے 24 پر واقع ٹی ایم یو کیمپس کا بتایا جا رہا ہے۔ اس ویڈیو میں اردگرد کچھ اور طلبہ بھی نظر آرہے ہیں، جنہوں نے ٹی ایم یو کے نشانات والے کپڑے پہن رکھے ہیں۔ جن طلبہ کو زدوکوب کیا گیا وہ بھی ٹی ایم یو کا ڈریس پہنے ہوئے ہے اور کیمپس بھی ٹی ایم یو کا صاف نظر آرہا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے ٹی ایم یو لڑائی جھگڑوں کے واقعات کی وجہ سے سرخیوں میں ہے۔