حیدرآباد:اوڈیشہ کے بالاسور ضلع میں 2 جون کو ہونے والے ٹرپل ٹرین حادثے کا ایک نیا ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں حادثے سے عین قبل ٹرین کے اندر کے لمحے کی تصویر کشی کی گئی ہے۔ گزشتہ جمعہ کو پیش آنے والے خوفناک حادثے میں کم از کم 288 مسافر ہلاک اور 1,100 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ بھارتی ریلوے کی تاریخ کا یہ چوتھا سب سے مہلک حادثہ بتایا جارہا ہے جس میں کورومنڈل ایکسپریس، بنگلورو-ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس، اور ایک مال گاڑی شامل تھی۔
ٹرین حادثے کی یہ نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہی ہے۔ ویڈیو میں صاف نظر آرہا ہے کہ مسافر اپنی سیٹوں میں آرام کر رہے ہیں اور ایک صفائی کارکن رات کو ٹرین کے ایک ڈبے کا فرش صاف کر رہا ہے۔ پھر اچانک ایک جھٹکا لگتا ہے اور کیمرہ ہلنے لگتا ہے اور مسافروں کی تیز چیخیں سنائی دیتی ہیں۔ ویڈیو کے اچانک ختم ہونے سے پہلے چیخ و پکار سے سب کچھ تاریک ہو جاتا ہے۔