اتراکھنڈ:وشو ہندو پریشد کی لیڈر سادھوی پراچی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ڈگری کا مطالبہ کرنے والی اپوزیشن پارٹیوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اس دوران انہوں نے کانگریس پر سخت نشانہ لگایا۔ سادھوی نے کانگریس پارٹی سے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی موت کس بیماری سے ہوئی تھی، اس کو کانگریس ثابت کرے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات یونیورسٹی نے وزیر اعظم کی ڈگری شائع کر دی ہے، لیکن اب ملک کے لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ نہرو کی موت کس بیماری سے ہوئی؟
وہیں سادھوی پراچی نے راہل گاندھی کی رکنیت منسوخ ہونے کے بعد بھی اپنا ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی رکنیت منسوخی میں کانگریس کا بڑا ہاتھ ہے۔ اگر راہل گاندھی کے وکیل اچھے ہوتے اور وہ جج کو راہل کے بارے میں بتاتے کہ وہ عقل سے محروم ہیں، اسے معاف کر دو، شاید جج اسے سزا بھی نہ سنائے لیکن راہل گاندھی کے وکیل اچھے نہیں تھے۔