سری نگر: مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں اگلے برس وندے بھارت ٹرینیں چلائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ جموں سے سری نگر کے ریل لنک کا تعمیری کام بہت جلدی مکمل ہوگا۔ موصوف مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو بارہمولہ میں ریلوے پروجیکٹس کا معائینہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: 'بہت ہی خوشی ہوئی کہ بھارتیہ ریلوے نیٹ ورک کے آخری اسٹیشن بارہمولہ میں سہولیات کو دیکھا اور انتظامیہ سے بہت سارے مشور حاصل کئے'۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں ریلوے کی بہت ساری چیزوں کو بہتر کیا جائے گا۔
مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے کہا کہ اسٹیشن کو بہتر بنایا جائے گا، ڈوبل لائن، ٹیلی فون کنکٹویٹی، پارسل سروس،ہیٹنگ سسٹم وغیرہ سہولیات میں مزید بہتری لائی جائےگی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ریلوے کے ذریعے سال کے آخر تک سیمنٹ اور دوا سازی کی تجارت کو یقینی بنایا جائے گا اور اس کے علاوہ سیب کی تجارت کے لئے سہولیات پر بھی غور کیا جائے گا۔