نئی دہلی: ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے اتوار کو کٹرا-سری نگر ریل لائن پر بنائے جانے والے دنیا کے سب سے اونچے چناب پل کا شری فل توڑ کر افتتاح کیا اور ایک ٹرالی میں پل کے اوپر جانے والے ریل ٹریک کا دورہ کرکے جائزہ لیا۔ ویشنو نے پل پر بنے ریلوے ٹریک کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ اس روٹ پر وندے بھارت ٹرین چلے گی اور ٹرین پل پر 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکے گی۔ انہوں نے کہا پل پر شروعاتی دور سے ہی کہ بندے بھارت ٹرین کا آپریشن شروع کردیا جائے گا۔ پل کی خاصیت کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پل کونکن ریلوے کارپوریشن تعمیر کر رہا ہے اور اس کی لمبائی 1315 میٹر اور اونچائی دریا کے کنارے سے 359 میٹر ہے۔ پل کا ڈیزائن اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ اگلے 120 سال تک اس پر ٹرینیں بلا تعطل رفتار سے چلائی جا سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ پل کی بنیاد فٹ بال کے آدھے میدان کے برابر ہے اور علاقے کو زلزلہ کے لحاظ سے حساس سمجھتے ہوئے یہ پل ماہرین زلزلہ کی نگرانی میں تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ پل ریکٹر اسکیل پر آٹھ کی شدت کے زلزلوں کو اور 267 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کو برداشت کر سکتا ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ پل کا ہر ستون قطب مینار سے بھی اونچا ہے۔ پل پر 28000 ٹن اسٹیل استعمال کیا گیا ہے اور اس پر 600 کلومیٹر ویلڈنگ کا کام کیا گیا ہے۔ یہ پل اتنا مضبوط ہے کہ اس پر کئی فوجی ٹینک بھی چلائے جاسکتے ہیں۔ ریلوے کے وزیر نے کہا کہ اس پل کی تعمیر کے بعد سری نگر اور کٹرہ کے درمیان کا فاصلہ صرف 3.50 گھنٹے میں طے کیا جا سکے گا۔ ریلوے روٹ پر 4 پی ایم گتی شکتی ٹرمینل بنائے جا رہے ہیں تاکہ مقامی مصنوعات کو آسانی سے ریل کے ذریعے مارکیٹ تک پہنچایا جا سکے۔ سیب کے مقامی کاشتکار، اخروٹ کے کاشتکار اور دیگر مقامی پروڈیوسرز اس سے براہ راست فائدہ اٹھا سکیں گے۔