عالمی شہرت یافتہ شاعر منور رانا کی مصیبتیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ منور رانا اپنے کسی نہ کسی بیان کے لئے مسلسل سرخیوں میں بنے رہتے ہیں۔ نیا تنازع طالبان کا موازنہ والمیکی سماج سے تعلق رکھنے والے مذہبی پیشوا والمیکی سے کرنے کا سامنے آیا ہے۔
رامپور میں والمیکی امبیڈکر آندولن کے ضلع کنوینر امر آدیواسی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ منور رانا بھارت کے قابل قدر شاعر ہیں لیکن انہوں نے ہمارے مذہبی پیشوا مہارشی والمیکی کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کر کے ہمارے پورے والمیکی اور دلت سماج کو تکلیف پہنچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ منور رانا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اس موقع پر امر آدیواسی نے یہ مزید کہا کہ شاعر منور رانا پر کارروائی کے ساتھ ساتھ ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ پورے ملک سے اس قسم کا لٹریچر بھی ہٹایا جائے جس میں ہمارے مذہبی پیشوا والمیکی سے متعلق بے بنیاد باتیں جوڑی گئی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں گذشتہ کئی برسوں سے اسکولی نصاب میں بچوں کے سامنےوالمیکی کی غلط شبیہ پیش کی جا رہی ہے جو کہ سراسرقانون کے خلاف ہے۔