پیر سے کورونا ٹیکہ کاری مہم کا دوسرا مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔ اس بار ویکسینیشن میں 60 سال سے زائد عمر والوں کے ساتھ ساتھ 45 سے 60 سال تک کی عمر کے ان لوگوں کو بھی ٹیکہ لگایا جائے گا جو مختلف امراض سے متاثر ہیں۔ اس دوران لوگ سرکاری اسپتالوں کے ساتھ ساتھ نجی اسپتالوں میں بھی کورونا کا ٹیکہ لگوا سکیں گے۔
اس ٹیکہ کاری مہم میں شامل ہونے کے لئے رجسٹریشن سب سے اہم ہے، جو پیر کو صبح نو بجے سے شروع ہوگا۔ رجسٹریشن کے لئے کووین ایپ، آروگیہ سیٹو ایپ کی مدد لی جا سکتی ہے یا پھر cowin.gov.in پر بھی لاگ ان کر سکتے ہیں، یہاں آپ کو اپنا موبائل نمبر ڈالنا ہوگا، موبائل پر ایک او ٹی پی (ون ٹائم پاس ورڈ) آئےگا، اس کی مدد سے اکاؤنٹ بنائیں، پھر جس کا رجسٹریشن کروانا ہے، اس کا نام، عمر، جینڈر پر کریں، شناخت کے لئے کوئی پروف لگائیں، اگر ویکسین کے لئے رجسٹریشن کروا رہے شخص کی عمر 45 سال سے زائد اور اسے کوئی مرض ہے، تو یہ بتانا ہوگا، اس کے لئے comorbidity پروف لگانا پڑے گا۔ کس دن اور کہاں ٹیکہ لگوانا ہے، اس کے لئے آپ خود سے تاریخ اور ٹیکہ کاری مرکز کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایک موبائل نمبر سے چار افراد کے لئے رجسٹریشن کیا جا سکتا ہے۔ مزید جانکاری کے لئے 1507 پر رابطہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
ویکسینیشن کے لئے تین طریقے سے رجسٹریشن کیا جا سکتا ہے۔ پہلا طریقہ سیلف رجسٹریشن کا ہے۔ آپ Co-WIN 200 ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے یا آروگیہ سیٹو ایپ کے ذریعہ پیر سے رجسٹریشن کر سکتے ہیں، ایپ میں سرکاری یا پرائیویٹ کووڈ ویکسینشن مرکز اور شیڈول و دیگر اہم جانکاری نظر آئے گی۔
اس کے علاوہ ریاست اور مرکز زیر انتظام علاقے بھی ویکسینیشن کے لئے کچھ لوگوں کا رجسٹریشن کریں گے۔ ان میں وہ افراد بھی شامل ہوں گے، جن کا انتخاب انتظامیہ خود کرے گا، اس میں آشا، اے این ایم کارکن، پنچایتی راج کے نمائندے، خواتین کے سیلف ہیلپ گروپ شامل ہیں۔