اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

اتر پردیش: اٹاوہ لائن سفاری کو سیاحوں کے لئے کھولنے کی تیاری - etv bharat urdu

شیر کھلے میں چہل قدمی کریں گے اور سیاح بندبسوں میں رہیں گے۔ بعد میں سفاری میں سیاحوں کے دیدارکے لئے شیروں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے۔

Etawah Safari Park
Etawah Safari Park

By

Published : Jan 23, 2021, 7:12 PM IST

اتر پردیش کے اٹاوہ میں واقع عالمی شہرت یافتہ لائن سفاری کو سیاحوں کے لئے کھولنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور سب کچھ ٹھیک رہا تو فروری کے آخر تک سیاح یہاں پر شیروں کا دیدار کر سکیں گے۔

اٹاوہ لائن سفاری پارک کے ڈائریکٹر راجیو مشرا نے بتایا کہ سیاحوں کے لئے شیروں کو دکھانے کا انتظام کرنے میں سفاری انتظامیہ تیزی سے مصروف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس تناظر میں لائن سفاری میں ٹرائل پوائنٹ بنالیا گیا ہے، جس پر شیر آسانی سے چڑھ اور اترسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سیاحوں کے لئے کھولے جانے کی تیاریوں کے لئے ان شیروں کا انتخاب بھی کرلیا گیا ہے، جنہیں سفاری میں سیاحوں کے دیدارکے لئے چھوڑاجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سفاری میں سیاحوں کو پہلے شمبا، سلطان، بھرت، روپا اورسونا کے دیدارہوں گے۔

یہ شیر کھلے میں چہل قدمی کریں گے اور سیاح بندبسوں میں رہیں گے۔ بعد میں سفاری میں سیاحوں کے دیدارکے لئے شیروں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے۔ لائن سفاری میں ٹرائل پوائنٹ کو پوری طرح سے تیار کرلیا گیا ہے، جس میں شیروں کو چھوڑنے کے لئے انتظامیہ کی ہری جھنڈی کا انتظارکیا جارہا ہے اور جیسے ہی انتظامیہ کی جانب سے ہری جھنڈی ملے گی ویسے ہی شیروں کو لائن سفاری کے ٹرائل پوائنٹ میں چھوڑاجائے گا۔ اس کے بعد جیسے ہی شیر یہاں کے ماحول میں ڈھل جائیں گے ویسے ہی سیاحوں کو دکھانے کا عمل شروع کردیاجائے گا۔

راجیو مشرانے بتایا کہ لائن سفاری کھولے جانے کی تیاریوں کے درمیان یہاں شیروں کی نگرانی کے لئے پختہ انتظام کیا جارہا ہے۔ لائن سفاری میں ڈرون اور نائٹ وژن کیمرے سے شیروں کی نگرانی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی سفاری میں شیروں کے لئے اونچے اونچے مچان بھی بنائے جائیں گے۔ ان پر شیر بیٹھیں گے تو دورسے ہی سیاحوں کو نظرآئیں گے۔

ایڈیشنل پرنسپل چیف کنزرویٹر آف وائلڈ لائف، ویسٹرن ریجن سنیل چودھری نے لائن سفاری کا معائنہ کرکے یہاں کئے گئے انتظامات کو دیکھا اور جو کچھ تیاریاں ابھی نامکمل ہیں انہیں فروری تک پورا کرنے کے لئے سفاری انتظامیہ کو ہدایت کی۔ اس معائنہ سے لائن سفاری کو سیاحوں کے لئے جلد کھولے جانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

(یو این آئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details