تریپورہ:ریاست تریپورہ کے باگباسہ اور کلیان پور-پرمود نگر اسمبلی حلقوں میں روڈ شو کے بعد جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر تریپورہ میں دوسری بار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بنانے کی اپیل کی۔ باگباسہ سے بی جے پی امیدوار جادب لال ناتھ کے حق میں منعقد ایک جلسہ عام میں یوگی نے کہا کہ پانچ برسوں میں ڈبل انجن والی حکومت کے کاموں نے تریپورہ کو ایک الگ پہچان دلائی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا سب کا ساتھ، سب کا وکاس کا اصل منتر تریپورہ میں زمین پر نظر آرہا ہے۔ بی جے پی حکومت بغیر کسی تفریق کے سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کو حقیقت بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ اور کانگریس کی غلط حکمرانی مل کر الیکشن لڑ رہی ہے۔ وہ بدانتظامی کو بڑھانے اور انتشار پھیلانے کے لیے دوبارہ میدان میں آئے ہیں۔ کانگریس نے سیکورٹی کا ایک بہت بڑا بحران پیدا کر دیا ہے، وہ کمیونسٹوں کی مدد سے سیکورٹی میں سیندھ لگانے آئی ہے۔ کانگریس نے حکومت کی اسکیموں کا فائدہ کسی بھی طبقے تک نہیں پہنچنے دیا۔ جب مودی کی قیادت میں تمام کو اسکیموں کا فائدہ حاصل ہورہا ہے کانگریس کو برا لگتا ہے۔
یوگی نے کہا کہ کانگریس رام مندر کی مخالفت کرتی تھی، لیکن آج رام مندر کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے۔ کانگریس رام سیتو کو توڑ کر بھگوان رام اور شری کرشن کے وجود پر سوال اٹھا رہی تھی۔ پانچ سال بعد تریپورہ کا دورہ کرنے کا موقع مل رہا ہے تو میں کہہ سکتا ہوں کہ پی ایم مودی اور سی ایم ڈاکٹر مانک ساہا کی قیادت میں اسکیموں کے فائدے بغیر کسی تفریق کے ہر گھر تک پہنچ رہے ہیں۔ کمیونسٹ اور کانگریس نے تقسیم کی۔ آج قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی بہن ملک کی صدر بنتی ہے۔ مرکزی حکومت کی کابینہ میں سب سے زیادہ وزراء او بی سی برادری سے ہیں۔ وہ معاشرے کی نمائندگی کر کے سب کی ترقی کے لئے کام کر رہے ہیں۔