اونتی پورہ:جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں منگل کے روز ایک تصادم میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔ اس انکاؤنٹر میں سی آر پی ایف کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں کریٹیکل سیچویشن ریسپانس وہیکل (CSRV) کا استعمال جنگجو مخالف آپریشن میں کیا گیا ہے۔ سی آر پی ایف کے ایک اعلی افیسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ بلٹ پروف آرمر اور جدید ہتھیاروں سے لیس کریٹیکل سیچویشن ریسپانس وہیکل نے رہائشی علاقے میں پناہ لینے والے عسکریت پسندوں کو بے اثر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ عسکریت پسند کئی گھنٹوں تک ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے اور ہماری سیکورٹی فورسز کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ کر رہے تھے۔ ایک سینئر اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ 'صورتحال نازک تھی اور ہمیں اس سے نمٹنے کے لیے خصوصی آلات کی ضرورت تھی۔ انہوں نے قبول کیا کہ سی آر پی ایف 130 بٹالین کا یہ خصوصی وہیکل استعمال کیا گیا تاکہ حالات کو قابو میں کیا جا سکے۔ ایسے حالات میں CSRV گیم چینجر ثابت ہوا ہے۔ یہ ایک فورس ضرب ہے، جو ہماری سیکورٹی فورسز کی صلاحیتوں کو بڑھاتا ہے۔