امریکہ نے کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے پیش نظر بھارت کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کو 'لیول 1' کا نوٹس جاری کیا ہے۔ لیکن اس دوران امریکہ نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی کی وجہ سے جموں و کشمیر کا سفر نہ کریں۔
یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق جن لوگوں نے ایف ڈی اے (فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن) کی طرف سے منظور شدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہیں، ان کے بھارت میں کورونا سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہے۔
سی ڈی سی نے پاکستان کے لیے بھی ایسا ہی نوٹس جاری کیا ہے، جس میں پاکستان کا سفر کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے امریکی شہریوں کے لیے سفر سے متعلق کورونا کے معیارات میں نرمی کی گئی ہے۔
سی ڈی سی کے مطابق، چار قسم کے سفری نوٹس ہیں۔ لیول 4: انتہائی خطرناک، لیول 3: خطرناک، لیول 2: معتدل، لیول 1: کم۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت اور پاکستان دونوں کے لیے ایڈوائزری بھی جاری کی ہے، شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ اگر وہ پاکستان کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تودہشت گردی اور تشدد کی وجہ سے اس پر نظر ثانی کریں۔ بھارت کا سفر کرتے ہوئے بھی احتیاط برتیں۔