دنیا کے مختلف حصوں میں مختلف طریقوں سے حضرت عیسیٰ کا یوم پیدائش منایا جاتا ہے اور اس مناسبت سے مختلف قسم کے ثقافتی اور تہذیبی پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
ہر برس کی طرح اس برس بھی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم پیدائش منایا جا رہا ہے، تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اس بار اسے سادگی سے منانے کی اپیل کی گئی ہے۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم پیدائش کو عیسائی حضرات 'کرسم ڈے' کے طور پر مناتے ہیں۔
ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی میں عالمی شہرت یافتہ شاعر عثمان مینائی نے حضرت عیسٰی علیہ السلام پر ایک خاص نظم لکھی ہے۔
حضرت عیسٰی علیہ السلام کی شان میں ایک خاص اردو نظم ان کا دعویٰ ہے کہ اب تک حضرت عیسٰی علیہ السلام کی شان میں کسی نے بھی اردو زبان میں ایسی کوئی نظم نہیں لکھی ہے۔ جیسی انہوں نے لکھی ہے۔
اردو زبان کے معروف شاعر عثمان مینائی نے بتایا کہ عوام حضرت عیسٰی علیہ السلام کی زندگی اور ان کی تعلیمات کو بہتر طور پر جان سکیں اس مقصد کے ساتھ انہوں نے یہ نظم سپرد قلم کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی مدح میں متفرق اشعار کہے گئے ہیں، تاہم انھوں ایک مکمل نظم حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر لکھی ہے۔ اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر رقم کردہ عثمان مینائی کی یہ نظم یہاں نقل کی جاری ہے تاکہ ای ٹی وی بھارت اردو کے قارئین بھی اس سے استفادہ کر سکیں۔
- خوشبو اُنڈیل دے مرے لفظ و بیان میں
- لِکھنی ہے نظم حضرتِ عیسیٰ کی شان میں
- عیسیٰ کا احترام ضروری ہے دوستو!
- ان کے بغیر دُنیا ادھوری ہے دوستو!
- دھرتی پہ آسمان کی تفصیل لے کے آئے
- وہ تو بشر کے واسطے اِنجیل لے کے آئے
- اِس کشتیء جہان کا ملّاح ایک ہے
- عیسیٰ بھی کہہ رہے ہیں کہ اللہ ایک ہے
- مریم کی پاک کوکھ سے پیدا ہوئے تھے وہ
- اللہ کی بڑائی کے شیدا ہوئے تھے وہ
- پیدا ہوئے تو ہونٹ کُھلے، بولنے لگے
- دستِ خدا نے اُن کو بہت معجزے دیے
- عیسیٰ ہیں اِک چراغ نُما سلسلے کا نام
- خانے میں ولدیت کے لکھو معجزے کا نام
- خدمت کا جذبہ خلق میں لائے وہی تو تھے
- مُفلس کا سارا بوجھ اُٹھائے وہی تو تھے
- خود پر چڑھا کے رکھّا تھا توحید کا سرور
- مُردوں میں جان ڈال کے کرتے نہیں غرور
- کالے سفید سب کے لئے اُن کی یہ ذات ہے
- مدّاح اُن کی ذات کی کُل کائنات ہے
- ظُلمت کا سارا زور ہٹایا جہان سے
- چھوٹے، بڑے کا فرق مٹایا جہان سے
- کارِ رسول خلق میں جب پھیلنے لگا
- سازش کے جال بُننے لگے دُشمنِ خدا
- رہبرکی رہنمائی پہ اِلزام لگ گئے
- مریم کی پارسائی پہ اِلزام لگ گئے
- پِھر عزّتِ نبی کی حفاظت خدا نے کی
- مریم ہیں پاک باز، وضاحت خدا نے کی
- سازِش فریبِ وقت کی ناکام ہوگئی
- دھرتی میں دفن میتِ اِلزام ہوگئی
- باطل کی اُس کے بعد بھی سازِش نہیں رُکی
- یعنی نبی پہ ظلم کی بارش نہیں رُکی
- دُشمن نے جو لگائی وہ آتش نہیں رُکی
- لیکن مِرے خدا کی نوازش نہیں رُکی
- پکّا بہت تھا شہر میں سُولی کا اِنتظام
- لیکن اُدھر تھا شانِ کریمی کا اِنتظام
- دُشمن کو یہ گُمان کہ سُولی چڑھا دِیا
- لیکن خدا نے عرش کے اوپر اُٹھا لیا
- موجود آسماں پہ ہیں سالک ہیں آج بھی
- سب سے طویل عُمر کے مالِک ہیں آج بھی
- عیسیٰ کو ماننے کے طریقے الگ الگ
- عیسیٰ ہیں ایک پِھر بھی عقیدے الگ الگ
- لیکن رسولِ رب سے عقیدت سبھی کو ہے
- عیسیٰ کی پا ک ذات سے اُلفت سبھی کو ہے
- قرآں کی آیتوں میں ترا ذکرِ خیر ہے
- گھر گھر کی مجلسوں میں ترا ذکرِ خیر ہے
- قرآن پڑھ کے ہم بھی ثنا خوان ہیں ترے
- عیسائی بھی ترے ہیں، مسلمان ہیں ترے
- اللہ کے فرشتے نگہبان ہیں ترے
- اِک دو کی بات کیا ہے سب اِنسان ہیں ترے
- وہ تو ضرور آیئں گے دُنیا میں ایک بار
- میرا یقین کرتا ہے عیسیٰ کا اِنتظار
- دجّال کا غرور ٹِھکانے لگائیں گے
- دُنیا کے ہر فریب کو سُولی چڑھائیں گے
(شاعر۔ عثمان مینائی،بارہ بنکی)