نئی دہلی: منی پور تشدد اور دہلی سروس بل کو لے کر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کا ہنگامہ جاری ہے۔ 2 اگست کو سیشن کے 10ویں دن دہلی سروسز بل کو لے کر لوک سبھا میں کافی ہنگامہ ہوا۔ ایوان کے اندر ہنگامہ آرائی کی وجہ سے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کافی زیادہ ناراض ہیں۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود ہونے کے باوجود انہوں نے بدھ کو ایوان میں کارروائی نہیں چلائی۔ اوم برلا نے کہا کہ وہ اس وقت تک اسپیکر کی کرسی پر نہیں بیٹھیں گے جب تک پارلیمنٹ میں تعطل ختم نہیں ہوجاتا۔ جس کی وجہ سے آج آندھرا پردیش کے راجامپیٹ سے رکن پارلیمنٹ پی وی مدھون ریڈی نے اوم برلا کی جگہ لوک سبھا کی کارروائی سنبھالی۔
ذرائع کے مطابق اوم برلا نے کہا ہے کہ ایوان کا وقار ان کے لیے سب سے زیادہ ہے اور ایوان کے وقار کو برقرار رکھنا سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ لوک سبھا اسپیکر کا کہنا ہے کہ ایوان میں بعض ارکان کا رویہ ایوان کی اعلیٰ روایات کے خلاف ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ لوک سبھا اسپیکر نے حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے ارکان سے ناراضگی ظاہر کی ہے اور انہیں اس بارے میں بھی بتایا ہے۔