پٹنہ: وزیر داخلہ امت شاہ آئندہ 24 اور 25 مارچ کو بہار کے سیمانچل دورہ پر آ رہے ہیں، جس سے بہار کی سیاست ایک بار پھر سے گرما گئی ہے۔ سیمانچل بہار میں مسلم اکثریت والا خطہ مانا جاتا ہے۔ بی جے پی لیڈران اس خطہ کو بارہا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ بنگال اور نیپال کے سرحدی علاقے سے متصل سیمانچل میں مبینہ دراندازی معاملے کو بی جے پی لیڈران ہمیشہ موضوع بناتے رہے ہیں، ایسے میں بہار میں اقتدار سے باہر ہونے کے بعد بی جے پی پہلی بار بہار میں عوامی ریلی کر رہی ہے، علاوہ ازیں جگہ کا انتخاب بھی موضوع بحث ہے۔ Amit Shah To Visit Seemanchal In Bihar
وہیں جے ڈی یو پارلیمنٹری بورڈ کے چیئرمین و رکن قانون ساز کونسل اُپیندر کشواہا نے امت شاہ کے دورے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ ذہنیت کی پارٹی ہے، امت شاہ کا دورہ بہار کی فضا کو بگاڑنے کی کوشش ہے اسی وجہ سے انہوں نے مسلم اکثریت والا علاقہ سیمانچل کا انتخاب کیا ہے تاکہ اس حلقہ سے ایک طبقہ کو ٹارگٹ کیا جائے اور بہار میں ہندو مسلم کرانے کی کوشش کی جائے حالانکہ وہ اس میں ناکام ثابت ہوں گے۔