لکھنؤ: منگل کی رات یوپی پولیس نے 'یوپی میں کا با' فیم لوک گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھور کے گھر پر ایک نوٹس چسپاں کیا ہے۔ اس میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ویڈیو 'کا با سیزن-2' کے ذریعے سماج میں بدامنی پھیلانے کا کام کیا ہے۔ واضح رہے کہ انہوں نے حال ہی میں کانپور آتشزدگی میں ماں بیٹی کی موت پر یہ گانا گایا تھا۔ اس نوٹس میں ان سے سات سوالات پوچھے گئے ہیں جن کی وضاحت تین دن میں دینے کو کہا گیا ہے اور اگر جواب تسلی بخش نہیں ہے تو نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آئی پی سی اور سی آر پی سی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
منگل کی شام نیہا سنگھ راٹھور نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ اور یوٹیوب چینل پر یہ نوٹس دینے کا ویڈیو شیئر کیا۔ ویڈیو میں نیہا سنگھ پولیس والوں سے پوچھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کہ آپ کو کون پریشان کر رہا ہے؟ سوال کا جواب دیتے ہوئے پولیس اہلکار کہتے ہیں کہ آپ پریشان ہیں، ہم کہاں پریشان ہیں۔ پھر کچھ بحث و مباحثہ کے بعد نیہا سنگھ راٹھور پولس اہلکار کی طرف سے دیے گئے نوٹس کی کاپی حاصل کرنے کے لیے اشارہ کرتی ہیں۔