بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز ہونے پر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے 'وزیر اعظم کے 21 دنوں میں کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کے دعوے کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ غیر منظم لاک ڈاؤن نے لاکھوں زندگیاں تباہ کر دیں۔'
مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کووڈ 19 متاثرین کی تعداد ہفتے کو ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی جس میں قریب ایک مہینے میں 10 لاکھ کیسز شامل ہیں جبکہ صحتیابی کی مجموعی تعداد 95.50 لاکھ پہنچ چکی ہے۔
رواں سال مارچ کے مہینے میں وزیر اعظم کی جانب سے بیان جاری کیے جانے پر کہ مہابھارت جنگ 18 دن میں جیتی گئی تھی اور کورونا کے خلاف جنگ میں 21 دن لگیں گے، راہل گاندھی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'تقریبا ڈیڑھ لاکھ اموات اور ایک کروڑ کووڈ انفیکشن سے ظاہر ہوتا ہے کہ غیر منظم لاک ڈاؤن نے لاکھوں زندگیاں تباہ کیں جبکہ وزیر اعظم نے دعویٰ کیا تھا کہ21 دن میں جنگ جیت لیں گے۔'
ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کیسز کی تعداد 7 اگست کو بیس لاکھ، 23 اگست کو 30 لاکھ اور 5 ستمبر کو 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی۔ جبکہ 16ستمبر کو 50 لاکھ، 28 ستمبر کو 60 لاکھ، 11 اکتوبر کو 70 لاکھ، 29 اکتوبر کو 80 لاکھ اور 20 نومبر کو 90 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 1,00,04,599جبکہ اموات کی تعداد 1,45,136 کو پہنچ چکی ہے اور 24 گھنٹوں کے دوران 347 اموات بھی درج کی گئی ہیں۔