الور: راجستھان کے الور ضلع کے راج گڑھ تھانہ علاقہ میں آج ہنومان مندر کے پاس پہاڑی کے نیچے لاش کو گلا گھونٹ کر پھینکنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولس کے مطابق الئی گرام پنچایت کے سرپنچ راجیش کمار مینا نے اطلاع دی کہ ایک نامعلوم خاتون کی لاش پہاڑی کے دامن میں پڑی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انجلی اجیت جوروال اور پولیس افسر راجیش ورما پولیس اہلکاروں کے ساتھ جائے واقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے جائے واقع پر پہنچ کر حالات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ جائے واقع پر پولیس نے لاش کے گلے میں پھندا بندھا ہوا دیکھا۔ خاتون کے منہ اور ناک سے خون نکل رہا تھا۔ وہیں خاتون کے ہاتھ پر انگریزی میں رویتا لکھا ہوا ہے۔ مقتولہ نے کالی جیکٹ اور کالی اسکرٹ پہن رکھی تھی۔ اس نے پاؤں میں پازیب اور ہاتھوں میں انگوٹھی پہن رکھی ہے۔ وہیں قیاس لگایا جا رہا ہے کہ خاتون کا گلا دبا کر قتل کی واردات کو انجام دیا گیا ہے۔