نئی دہلی:مرکزی وزیر برائے خواتین و بچوں کی ترقی اور اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی نے مرکزی بجٹ 2023 پر اپوزیشن پارٹی کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مثبت علامت ہے کہ اپوزیشن بجٹ سے مطمئن نہیں ہے۔ یہ اچھی بات ہے کہ اپوزیشن ناخوش ہے، کیونکہ وہ کبھی نہیں چاہتے کہ بھارت خوشحال رہے۔ جب اپوزیشن کی طرف سے اس دلیل کے بارے میں پوچھا گیا کہ مرکزی بجٹ میں خواتین کے لیے کچھ نہیں ہے، تو ایرانی نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اپنی تقریر کا آغاز ملک بھر میں سیلف ہیلپ گروپس میں ملازمت کرنے والی خواتین کی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ نے خواتین کے نقطہ نظر سے مرکزی بجٹ کی پیشکش کا آغاز کیا اور بتایا کہ ان گروپس میں ملازمت کرنے والی نو کروڑ خواتین کو کس طرح مالی طور پر بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیتا رمن نے بدھ کے روز خواتین کے لیے وَن ٹائم سیونگ اسکیم کا اعلان کیا۔ مہیلا سمان بچت پترا نامی اسکیم کے تحت خواتین مارچ 2025 تک دو سال کی مدت کے لیے دستیاب ڈپازٹ کی سہولت حاصل کر سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں سیلف ہیلپ گروپس میں کام کرنے والی نو کروڑ خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے اور مالیاتی نظام کو نچلی سطح سے مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ سیتارامن نے 150 سے زیادہ نرسنگ کالجز کے افتتاح کے بارے میں بھی بات کی ہے جہاں زیادہ تر طالبات کا داخلہ کیا جائے گا۔ چاہے وہ کسانوں کی ترقی ہو یا انفراسٹرکچر ہو یا ای پی ایف او، بجٹ کا مقصد خواتین، نوجوانوں اور کسانوں کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنا ہے۔