نئی دہلی:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منی پور میں امن اور خوشحالی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ریاست میں بدامنی پھیلانے والی تمام سرگرمیوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت دی ہے۔ منی پور دورے کے دوسرے دن امت شاہ نے منگل کو امپھال میں سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ساتھ وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے راج بھون میں ناشتے پر خواتین لیڈروں کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی۔ منی پور کے معاشرے میں خواتین کے کردار کی اہمیت کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب مل کر ریاست میں امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
امت شاہ نے مختلف سول سوسائٹی تنظیموں اور طلبہ تنظیموں کے وفود سے بھی ملاقات کی۔ مرکزی وزیر داخلہ نے چوڑا چند پور روانہ ہونے سے قبل ممتاز شخصیات، دانشوروں، ریٹائرڈ فوجی افسران اور سرکاری ملازمین کے ایک گروپ سے بھی بات چیت کی۔ مختلف گروپوں نے امن کے تئیں اپنی وابستگی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ وہ مل کر منی پور میں معمولات کی بحالی کے لیے راہ ہموار کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ مختلف گروپوں نے مرکزی وزیر داخلہ پر زور دیا کہ وہ منی پور میں امن اور معمول کو بحال کرنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔