اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

Budget 2023 یونین بجٹ 2023 کو کس نے اور کیسے تیار کیا؟ - بجٹ سے متعلق ذمہ داریاں

بجٹ بنانے میں کن افسران کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ بجٹ کو حتمی شکل دینے والے وزارت خزانہ کے افسران کون ہیں؟ آئیے اس کے بارے میں تفصیل سے جانتے ہیں۔

یونین بجٹ 2023 کو کس نے اور کیسے تیار کیا؟
یونین بجٹ 2023 کو کس نے اور کیسے تیار کیا؟

By

Published : Feb 1, 2023, 11:51 AM IST

نئی دہلی: رواں سال کا بجٹ مودی حکومت کی دوسری میعاد کا آخری مکمل بجٹ ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ بجٹ کیسے تیار ہوتا ہے؟ درحقیقت بہت سے افسران بجٹ کی تیاری میں وزیر خزانہ کی مدد کرتے ہیں۔ افسران کو بجٹ سے متعلق مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ اس بار وزیر خزانہ کی کور ٹیم میں چھ اراکین ہیں، جنہوں نے مالی سال 2023-24 کا مرکزی بجٹ تیار کیا ہے۔ تمل ناڈو کیڈر کے 1987 بیچ کے آئی اے ایس افسر ٹی وی سوماناتھن اس وقت فنانس سکریٹری کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ ٹی وی سوماناتھن وزارت خزانہ میں محکمہ اخراجات کے انچارج ہیں۔ فنانس سیکرٹری کا کام وزارت کے مختلف محکموں کے کام میں تال میل برقرار رکھنا ہے۔ ٹی وی سوماناتھن نے اکنامکس میں پی ایچ ڈی کی ہے۔ واضح رہے کہ فنانس سکریٹری بھارت کی وزارت خزانہ کے ایک سینئر آئی اے ایس افسر ہیں، جو وزارت کے مختلف محکموں کے کام کو مربوط کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک روپے کے نوٹ پر صرف فنانس سیکرٹری کے دستخط ہوتے ہیں۔

کرناٹک کیڈر کے 1987 بیچ کے آئی اے ایس افسر اجے سیٹھ محکمہ اقتصادی امور کے سکریٹری ہیں۔ اجے سیٹھ بھی بجٹ کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ محکمہ اقتصادی امور کے سیکرٹری ہونے کے ناطے وہ بجٹ ڈویژن کے ذمہ دار ہیں جو بجٹ سے متعلق مشوروں اور سفارشات کا تجزیہ کرتا ہے اور مالیاتی بیان کو حتمی شکل دیتا ہے۔ انہیں 2021 میں وزارت خزانہ میں اقتصادی امور کا سیکرٹری مقرر کیا گیا تھا۔ وہ بجٹ سے متعلق تمام مشوروں اور سفارشات کا بھی تجزیہ کر رہے ہیں۔ اوڈیشہ کیڈر کے 1987 بیچ کے آئی اے ایس افسر تُوہین کانت پانڈے محکمہ سرمایہ کاری اور عوامی اثاثہ جات کے سکریٹری ہیں۔ سرمایہ کاری اور عوامی اثاثوں کے محکمے کے سکریٹری تُوہین کانت پانڈے مرکزی بجٹ میں حکومت کے ڈس انویسٹمنٹ پروگرام کی تیاری کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے ایئر انڈیا کی نجکاری اور لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا کی ابتدائی عوامی پیشکش کو لانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

راجستھان کیڈر کے 1990 بیچ کے آئی اے ایس افسر سنجے ملہوترا محکمہ محصولات کے سکریٹری ہیں۔ سنجے ملہوترا وزارت خزانہ میں ریونیو سکریٹری کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ ان کے پاس مرکزی بجٹ کی تیاری کے دوران محصولات کا تخمینہ طے کرنے کا چیلنج ہے۔ اس سے پہلے وہ محکمہ مالیاتی خدمات میں سیکرٹری کے عہدے پر تھے۔ ملہوترا نے گزشتہ سال محکمہ ریونیو میں شمولیت اختیار کی تھی۔ سنجے ملہوترا ایک سرکاری کمپنی آر ای سی لمیٹڈ کے چیئرمین اور ایم ڈی بھی رہ چکے ہیں۔ سینئر بیوروکریٹ وویک جوشی، جو ہریانہ کیڈر کے 1989 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں، محکمہ مالیاتی خدمات (DFS) کے سکریٹری ہیں۔ وزارت خزانہ میں مالیاتی خدمات کے سکریٹری وویک جوشی کو نارتھ بلاک کے کام کاج کی اچھی سمجھ ہے۔ وویک جوشی دو سرکاری بینکوں اور لائف انشورنس کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق مسودے کے بھی انچارج ہیں۔ محکمہ خزانہ سے پہلے وویک جوشی وزارت داخلہ کے رجسٹرار جنرل اور مردم شماری کمشنر تھے۔

مزید پڑھیں:۔Budget 2023 نوکری پیشہ افراد کو انکم ٹیکس کی حد میں اضافے کی توقع

ملک کے چیف اکنامک ایڈوائزر ناگیشورن بجٹ کی تیاری کے علاوہ 2022-23 کے اقتصادی سروے کی تیاری کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ ناگیشورن کو گزشتہ سال بجٹ پیش کرنے سے چند دن قبل اقتصادی مشیر مقرر کیا گیا تھا۔ ناگیشورن 2019-2021 کے درمیان وزیر اعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل کے پارٹ ٹائم رکن رہے ہیں۔ اس تقرری سے پہلے ڈاکٹر ناگیشورن ایک مصنف، استاد اور مشیر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے نھارت اور سنگاپور کے کئی بزنس اسکولوں اور انتظامی اداروں میں پڑھایا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کی کتابیں بھی بڑے پیمانے پر شائع ہو چکی ہیں۔

واضح رہے کہ بجٹ بنانے کا عمل کئی ماہ پہلے شروع ہو جاتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ بجٹ میں ملکی معیشت کی بحالی کی رفتار تیز کرنا، قرضوں کے بوجھ کو کم کرنا، متوسط ​​طبقے کو ریلیف دینا اور مالیاتی خسارے کو کم کرنا جیسے بڑے چیلنجز ہیں۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن آج عام بجٹ 2023 پیش کر رہی ہیں۔ ایسے میں معاشی دنیا میں بحث صرف بجٹ کی ہوتی ہے۔ کیسا ہوگا اس بار کا عام بجٹ، کیا عوام کے لیے کچھ خاص ہوگا؟ بجٹ کی تیاری کی ضرورت کیوں، وزارت خزانہ بجٹ کی تیاری کی مشق کب اور کیسے شروع کرتی ہیں۔ اس وقت بھارتی معیشت G20 ممالک میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے۔ ملکی مارکیٹ میں مہنگائی میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کی وجہ سے ریزرو بینک کی پالیسی سود کی شرح میں اضافہ رک سکتا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details