نئی دہلی: حکومت کسانوں کو زیادہ قیمت والی باغبانی فصلوں کے معیاری پودے لگانے کے مواد کی دستیابی کو بڑھانے کے لیے 2200 کروڑ روپے کی لاگت سے 'آتمنر بھر سوچھ پودھ پروگرام' شروع کرے گی۔وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے پارلیمنٹ میں بدھ کے روز بجٹ 2023-24 پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2,200 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک 'آتمنربھر سوچھ پودھ پروگرام' شروع کیا جائے گا جس کا مقصد باغبانی فصلوں کے بیماری سے پاک معیاری پودے لگانے کے مواد کی دستیابی کو بڑھانا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ دیہی علاقوں میں نوجوان کاروباریوں کے 'ایگری اسٹارٹ اپ' کو فروغ دینے کے لیے ایگریکلچر ایکسلریٹر فنڈ بنایا جائے گا۔ اس فنڈ کے ذریعے کسانوں کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے اختراعی اور کفایتی حل متعارف کرائے جائیں گے اور اس کے ساتھ اس فنڈ سے کاشتکاری کے طریقہ کار میں ایک مثالی تبدیلی لانے ، پیداوار میں اضافے کے ساتھ منافعہ بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پیش کی جائے گی۔
وہیں مالی سال 2023-24 کے مرکزی بجٹ میں مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز سیکٹر کے لیے کریڈٹ گارنٹی اسکیم کی تجدید کے لیے 9,000 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ میں مرکزی بجٹ 2023-24 پیش کرتے ہوئے، وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے مالیاتی شعبے کے اصلاحاتی کام کو جاری رکھنے کی تجویز کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی شعبے میں اصلاحات اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے نتیجے میں زیادہ مالی شمولیت اور بہتر اور تیز تر خدمات کی فراہمی، کریڈٹ کی دستیابی اور مالیاتی منڈیوں میں شرکت ہوئی ہے۔