میرٹھ: اترپردیش کے پریاگ راج میں امیش پال قتل کیس میں یوپی ایس ٹی ایف نے سابق رکن پارلیمان عتیق احمد کے بہنوئی کو میرٹھ سے گرفتار کیا ہے۔ عتیق احمد کے بہنوئی اخلاق احمد کو ایس ٹی ایف اور پریاگ راج پولس نے مشترکہ آپریشن کے تحت گرفتار کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ عتیق احمد کے بہنوئی اخلاق احمد میرٹھ کے نوچندی تھانہ علاقے کے بھوانی نگر میں رہتے ہیں۔ الزام ہے کہ اخلاق احمد نے امیش پال قتل کیس کے ملزمین کی مدد کی تھی۔ امیش پال قتل کیس کے بعد اخلاق سے پہلے بھی کئی بار پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ تحقیقات کے بعد پریاگ راج پولیس نے ایس ٹی ایف کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں اخلاق کو گرفتار کیا۔
واضح رہے کہ امیش پال اغوا کیس میں عتیق احمد کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ عتیق کے بھائی اشرف احمد کو بری کر دیا گیا ہے تاہم اب سب کی نظریں امیش پال قتل کیس پر لگی ہوئی ہیں۔ 17 سال پرانے امیش پال اغوا کیس میں پریاگ راج کی ایم پی ایم ایل اے عدالت نے اپنا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے عتیق احمد سمیت تین ملزمان کو قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔