پریاگ راج: اُمیش پال قتل معاملہ میں پولیس نے پیر کی صبح پریاگ راج میں ایک شوٹر کو انکاؤنٹر کرکے ہلاک کردیا۔ پولیس نے جس شخص کا انکاؤنٹر کیا ہے، اس کا نام وجے چودھری عرف عثمان بتایا جارہا ہے۔ الزام ہے کہ عثمان نے سب سے پہلے امیش پال کو گولی ماری تھی۔ امیش پال قتل کیس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق امیش پال جیسے ہی اپنی گاڑی سے باہر نکلتا ہے، اس پر فائرنگ شروع ہوجاتی ہے، اس دوران جو شخص سب سے پہلے امیش پال اور اس کے سرکاری گنر کو گولی مارتا ہے۔ اس شخص کو پولیس نے پیر کو ایک تصادم میں ہلاک کردیا۔ پولیس اور شرپسندوں کے درمیان یہ تصادم پریاگ راج کے کاندھیارہ تھانہ علاقے میں ہوا۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی ٹیم شوٹروں کی تلاش میں ان کے اصل مقام تک پہنچ تھی اور اس دوران پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی شوٹر عثمان عرف وجے چودھری نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، جس میں فائرنگ کرنے والے عثمان کو گولی لگ گئی۔ پولیس نے اسے علاج کے لیے ایس آر این اسپتال منتقل کیا، جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ پولیس کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہونے والے عثمان پریاگ راج کا رہنے والا بتایا جاتا ہے۔ اس کے خلاف پہلے بھی کئی مقدمات درج تھے۔