نئی دہلی: برطانوی سکریٹری خارجہ جیمز کلیورلی نے بدھ کے روز اپنے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر کے ساتھ بھارت میں بی بی سی پر حالیہ ٹیکس سروے کا مسئلہ اٹھایا۔ ذرائع کے مطابق جے شنکر نے یوکے لیڈر کو بتایا کہ بھارت میں کام کرنے والے تمام اداروں کو متعلقہ قوانین اور ضوابط کی مکمل تعمیل کرنی چاہیے۔ دراصل جے شنکر نے کلیورلی کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی جس میں دونوں نے دیگر مسائل کے علاوہ ینگ پروفیشنل اسکیم کے آغاز پر غور کیا اور عالمی صورتحال کے ساتھ ساتھ جی 20 ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
جئے شنکر نے ٹویٹ کیا کہ صبح کا آغاز برطانیہ کے سکریٹری خارجہ جیمز کلیورلی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات سے ہوئی۔ ہماری آخری بات چیت کے بعد سے ہمارے تعلقات میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔ خاص طور پر ینگ پروفیشنل اسکیم کے آغاز پر غور کیا۔ عالمی صورتحال کے ساتھ ساتھ جی 20 ایجنڈا پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ واضح ر ہے کہ جیمز کلیورلی یکم اور 2 مارچ کو جی 20 وزرائے خارجہ کی اہم میٹنگ میں شرکت کے لیے بھارت میں ہیں۔