دہرادون: اتراکھنڈ کے شہری ہوا بازی کے محکمے (یو سی اے ڈی اے) کے فائنانس کنٹرولر کی اتراکھنڈ کے پانچویں جیوترلنگ کیدارناتھ پر واقع ہیلی پیڈ پر ایک کاپٹر کی زد میں آنے سے موت ہو گئی۔ کیدارناتھ میں بھی موجود ردرپریاگ ضلع کے ضلع مجسٹریٹ میور دکشٹ نے نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق یو سی اے ڈی اے کے فائنانس کنٹرولر امت سینی ہیلی کاپٹر میں سوار ہونے کے لیے دوسری طرف سے جا رہے تھے جس کی وجہ سے وہ ٹیل روٹر کی زد میں آ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس لاش کا پنچنامہ کر رہی ہے۔
خیال ر ہے کہ سینی آج ہیلی پیڈ کا معائنہ کرنے اور ہیلی کاپٹر سروس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیدارناتھ پہنچے تھے۔ دوپہر کے پونے ایک بجے کے قریب وہ واپسی کے لیے ہیلی کاپٹر کی طرف گئے۔ لیکن اچانک ہیلی کاپٹر کے ٹیل روٹر کی زد میں آگئے جس ان کی موت ہوگئی۔ کہا جاتا ہے کہ جب وہ ہیلی کاپٹر کی طرف جا رہے تھے تو پیچھے سے کئی لوگوں نے انہیں پکارا کہ وہ الٹی سمت جا رہے ہیں لیکن انہیں سنائی نہیں دیا۔