بھوپال: گجرات پولیس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں دینے کے الزام میں مدھیہ پردیش کے چھتر پور سے راہل کمار دویدی اور نریندر کشواہا نامی دو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے، بتا دیں کہ اس سے قبل بھی گجرات پولیس نے ایم پی کے ستنا سے دو افراد کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد آج پھر پولیس نے دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گجرات پولیس نے دیگر کئی مقامات پر چھاپے مار کر کئی لوگوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گجرات پولیس کے ہاتھوں گرفتار کئے گئے ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے پی ایم مودی کو مسلسل دھمکیاں دے رہے تھے۔
بتایا جارہا ہے کہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ میچ دیکھنے آئے لوگوں کو مبینہ خالصتان عسکریت پسندوں کے نام پر ملزمان نے گجرات کے لوگوں کو گھر پر رہنے کے لیے پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغامات بھیج کر دھمکی دی تھی۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر ملزمین کی طرف سے پی ایم مودی کو مبینہ دھمکی آمیز پیغامات اور تبصرے مسلسل بھیجے جا رہے تھے، اس معاملے میں احمد آباد سٹی کرائم برانچ نے پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغامات کو ٹریس کیا اور ان کی جانچ کی۔ احمد آباد سٹی کرائم برانچ دھمکیوں کی شکایت کے بعد ہی الرٹ موڈ پر آ گئی تھی، جس کے بعد گجرات پولیس نے ملک کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے، اس دوران مدھیہ پردیش کے کچھ لوگ بھی اس معاملے میں شک کے دائرہ میں آگئے۔ فی الحال گجرات پولیس ملزمان کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئی ہے۔