ریاست بہار کے ضلع سپول میں ہینڈ پمپ چوری کرنے کے الزام میں گاوں کے کچھ شرپسندوں نے دو نابالغ بچوں کو بجلی کے کھبے سے باندھ کر بے رحمی سے پیٹا، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہا ہے۔
یہ واقعہ بھپٹیاہی تھانہ علاقہ کی چھٹہی ہنومان نگر پنچایت کے تحت مسجد ٹولہ وارڈ نمبر 11 کا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسجد ٹولہ میں رہنے والے ایک شخص کا حال ہی میں ہینڈ پمپ کا ہینڈل چوری ہو گیا تھا۔ اس کے بعد مذکورہ شخص کو بستی کے کچھ لڑکوں پر چوری کرنے کا شبہ ہوا۔
موصولہ معلومات کے مطابق اس معاملے میں تشدد کا شکار ہونے والے دونوں نابالغ بچوں کو اس کا علم تک نہیں تھا۔ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ مسجد چوک پر کھیل رہے تھے۔ اسی دوران علاقے کے کچھ شرپسند لوگ دونوں بچوں کو پکڑ کر لے گئے اور بجلی کے کھمبے سے باندھ دیا۔ اس ویڈیو میں صاف نظر آتا ہے کہ وہ ان بچوں کے ہاتھ میں زبردستی ہینڈ پمپ کا ہینڈل دینے کی کوشش کررہے ہیں۔