میرٹھ: اترپردیش کے ضلع میرٹھ کے پلڈا گاؤں میں ایک 24 سالہ نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے ایک دن بعد دو گھروں کو آگ لگا دی گئی۔ اس واقعہ سے علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیل گئی ہے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے گاؤں اور اس کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری کو حالات پر قابو پانے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ ایس پی (دیہی) کملیش بہادر نے بتایا کہ اتوار کی شام ایک نوجوان کے قتل کے الزام میں چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
سینئر پولیس اہلکار پولیس ٹیم کے ساتھ گاؤں میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی بروقت مداخلت سے حالات خراب ہونے سے بچ گئے۔ ایس پی نے کہا کہ پانچ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ صورتحال قابو میں ہے۔ اس سے پہلے اتوار کی شام دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے ایک نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اس کے قتل سے گاؤں میں کشیدگی پیدا ہو گئی اور مقتول کے اہل خانہ نے اس قتل کے پیچھے مخصوص برادری کے افراد کو مورد الزام ٹھہرایا اور ان کے گھروں کو نذر آتش کردیا۔