بھوانی: ہریانہ کے بھوانی کے لوہارو تھانہ علاقے کے گاؤں بارواس کے قریب بولیرو گاڑی میں دو لوگوں کو جلانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ دونوں کی باقیات ایک ہی گاڑی سے ملی ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت راجستھان بھرت پور کے رہنے والے جنید اور ناصر کے نام سے ہوئی ہے۔ اس واردات کو انجام دینے کا الزام بجرنگ دل کے پانچ لوگوں پر لگایا گیا ہے۔ اس واقعہ سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔ پولیس پورے واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔
جانکاری کے مطابق، گوپال گڑھ تھانہ علاقے کے پیروکا گاؤں کے رہنے والے جنید اور ناصر کو بدھ کے روز کچھ لوگوں نے اغوا کر لیا تھا۔ اس کے بعد جمعرات کو ہریانہ کے لوہارو کے پٹودی گاؤں میں ایک جلی ہوئی بولیرو ملی، جس کے اندر دو لوگوں کی جلی ہوئی لاشیں تھیں۔ دونوں مرنے والے جنید اور ناصر پیروکا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ بدھ کو ہی کزن اسماعیل نے جنید اور ناصر کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ 15 فروری کو گوپال گڑھ تھانے میں درج شکایت میں بتایا گیا کہ کزن جنید اور ناصر کو ہریانہ کے رہنے والے انل، سری کانت، رنکو سینی، لوکیش، سنگلا اور مونو منگل نے اغوا کر لیا۔ یہ پانچوں لوگ بجرنگ دل سے وابستہ ہیں۔