پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ دومعاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو بانڈی پورہ کے پیٹھہ کوٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں لشکر طیبہ سے وابستہ کچھ جنگجو معاونین کی نقل و حرکت کے متعلق ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی۔ Two militant aides arrested in J&K
انہوں نے کہا کہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بانڈی پورہ پولیس اور 26 آسام رائفلز کی ایک مشترکہ ٹیم نے لال قلعہ موڑ پیٹھہ کوٹ پر ناکے کے دوران دو جنگجو معاوونین کو گرفتار کیا۔ بیان میں کہا گیاکہ ’گرفتار شدہ جنگجو معاونین ایک سفید سکارپیو گاڑی زیر نمبر JK05H – 0622 میں سفر کر رہے تھے‘۔ گرفتار شدگان کی شناخت محمد یوسف وانی ولد غلام رسول وانی ساکن پیٹھہ کوٹ بانڈی پورہ اور منظور احمد شاہ ولد عبدالاحد شاہ ساکن باغ بانڈی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔ بیان کے مطابق گرفتار شدگان کی تحویل سے 3 پستول،3 پستول میگزین اور 5 ہینڈ گریینڈ بر آمد کئے گئے۔