انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نئے قواعد کی تعمیل پر بھارتی حکومت کے ساتھ تنازع کے درمیان ٹویٹر ویب سائٹ نے بھارت کا غلط نقشہ دکھایا ہے، جس میں جموں وکشمیر اور لداخ کو ایک علیحدہ ملک کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ یہ نقشہ 'ٹویپ لائف' ٹویٹر ویب سائٹ کے کیریئر سیکشن پر موجود ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے جب ٹویٹر نے بھارت کے نقشہ کو غلط انداز میں پیش کیا۔ اس سے قبل اس نے لیہہ کو چین کا حصہ دکھایا تھا۔ امریکی ڈیجیٹل کمپنی ٹویٹر بھارتی حکومت کے ساتھ سوشل میڈیا کے نئے قواعد پر تنازعہ سے دوچار ہے۔ حکومت نے ملک کے نئے آئی ٹی قواعد کی تعمیل میں ناکامی پر ٹویٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ حکومت اور ٹویٹر کے درمیان جاری تنازع جس کی وجہ سے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم بھارت میں ایک ثالث کی حیثیت قانونی طور پر کھو بیٹھا ہے اور اگر کوئی صارف غیر قانونی مواد پوسٹ کرتا ہے تو ٹویٹر اس کا ذمہ دار بن جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے لئے ٹویٹر کے عبوری ریزیڈنٹ گریوینس افسر دھرمیندر چاتور نے 27 جون کو استعفیٰ دے دیا ہے جس کے بعد ٹویٹر کا اب بھارت میں گریوینس افسر نہیں ہے۔