نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعہ کو کہا کہ فجی کے نادی میں منعقد 12ویں عالمی ہندی کانفرنس ہندوستان کے مضبوط ثقافتی اور تاریخی تعلقات کی گواہی دیتی ہے۔ ڈاکٹر جے شنکر نے فجی میں منعقدہ تین روزہ عالمی ہندی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کیا اور اسے کامیابی سے منعقد کرنے کے لیے وہاں کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں فجی کے صدر رتو ولیم کاتونیور، وزیر اعظم سیتوینی ربوکا اور نائب وزیر اعظم بیمن پرساد بھی موجود تھے۔
وزیر خارجہ نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ 'فجی میں منعقدہ 12ویں عالمی ہندی کانفرنس کی اختتامی تقریب میں شرکت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ تین روزہ کانفرنس فجی اور ہندوستان کے درمیان مضبوط ثقافتی اور تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فجی اور بھارت سمیت 31 ممالک کے شرکاء نے تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔ دونوں ممالک کی ثقافتی اور روایتی خصوصیات باہمی احترام اور تعاون کی مضبوط بنیاد ہیں۔ اس طرح کے واقعات دیگر ہندوستانی زبانوں کے پھیلاؤ کو تقویت دینے میں بھی مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔