ممبئی:ریاست مہاراشٹر کے ممبئی میں امسال آل انڈیا خلافت کمیٹی کا جلوس میلاد النبی دوسال کے وقفہ کے بعد تاریخی خلافت ہاؤس سے برآمد ہوا، جس کی قیادت حضرت معین الدین چشتی کے آستانہ کے سجادہ نشین واجد چشتی اور ملک کے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے پر پوتے تشار گاندھی نے کی۔ اس موقع پر تشار گاندھی نے کہاکہ ہم سب پیغمبر کے ہیں اور اُن کی امن واخوت اور مساوات کی تعلیمات پر تا قیامت عمل کیا جائے گا۔ Milad-ul-Nabi Procession in Mumbai
تشار گاندھی نے میلاد النبی کے جلسے اور جلوس کی قیادت کی تشار گاندھی نے خلافت ہاؤس کے احاطہ میں سیرت النبی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے اور یہاں سبھی شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، کیونکہ یہ حق انہیں آئین ہند نے دیا ہے۔ انہوں نے ملک میں نفرت پھیلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ ایسے عناصر کی وجہ سے ملک کو عالمی سطح پر مزاحمت کرنی پڑتی ہے لیکن یہاں کی عوام نے ہمیشہ ایسی طاقتوں کو ناکام کردیا ہے۔
اس سے قبل خلافت کمیٹی چیئرمین سرفراز آرزو نے کہاکہ حضور کی امن واخوت اور مساوات کی تعلیمات کی بھرپور تشہیر میں ہم مسلمان ناکام رہے ہیں، بلکہ چودہ سو سال قبل اسلام نے امیر، غریب،کالے، گورے اور اونچ نیچ کو ختم کردیا تھا۔ اسلام دنیا کا بہترین دین ہے۔ بس ہم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور سنت کو عام نہیں کیا۔ ہماری طرف سے اسلامی تعلیمات کو اجاگر اور تشہیر نہیں کی ہے، جس کا خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Eid Miladun Nabi 2022 ملک بھر میں جشن میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا
اس موقع پر مقررین نے کہاکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم رحمت للعالمین بن کر اس روئے زمین پر تشریف لائے ہیں۔ اسلام سب سے اچھا مذہب ہے لیکن ہمارے کردار و عمل کی وجہ سے مذہب پر کچھ لوگ سوال اٹھاتے ہیں۔ یہ موقع انہیں ہم ہی دیتے ہیں۔ اگر ہم اپنے کردار و عمل درست کر لیں تو اسلام سے اچھا مذہب کوئی نہیں۔ امن کے پیغمبر آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ واضح رہے کہ جلوس محمدی کا جگہ جگہ استقبال کیا گیا۔ ہر جگہ پر نعرہ تکبیر، اللہ اکبر اور نعرہ رسالت کے نعروں سے مسلم اکثریتی علاقوں کی سڑکیں گونج اٹھیں۔ جلوس کے لئے سڑک کے دونوں جانب سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوس کے قائدین میں رضا اکیڈمی کے صدر الحاج مولانا سعید نوری، ایم ایل اے امین پٹیل، سابق ایم ایل اے وارث پٹھان، جاوید جنیجو سمیت متعدد افراد موجود تھے۔