انسانی ہمدردی کے جذبے سے سرشار امریکہ میں مقیم ایک گمنام پاکستانی تاجر نے جمعہ کو ترکیہ اور شام میں آنے والے خوفناک زلزلے کے متاثرین کی مدد کے لیے 30 ملین امریکی ڈالر (2,47,56,15,00 روپے) کا عطیہ دیا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اس تاجر کی تعریف کی ہے جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ شہباز شریف نے ہفتہ کو ٹوئٹ کیا کہ ایک گمنام پاکستانی کی مثال سن کر دل بہت خوش ہوا جو امریکہ میں ترکیہ کے سفارت خانے میں گیا اور ترکی اور شام میں زلزلہ متاثرین کے لیے مدد کے طور پر 30 ملین ڈالر کا عطیہ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ انسان دوستی کے ایسے شاندار کام ہیں جو انسانیت کو بظاہر ناقابل تسخیر مشکلات پر فتح حاصل کرنے کے قابل بناتے ہیں۔
ٹویٹر پر پوسٹ کیے گئے ایک ویڈیو کلپ میں ٹی آر ٹی ورلڈ کے ایک صحافی یوسف ایرم نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا، کہ ایک پاکستانی تاجر امریکہ میں ترک سفارت خانے میں داخل ہوا اور 30 ملین ڈالر خود گمنام طور پر عطیہ کیے ہیں۔ ہم نہیں جانتے کہ وہ کون ہے۔ اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔